نئی دہلی، 16جولائی؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)سی بی آئی نے ضبطی کے ایک اہم کیس میں آج سورت میں خصوصی اقتصادی علاقے کے اس وقت کے کمشنر کی رہائش گاہ سے ایک کروڑ روپیہ نقد برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں افسر کے خلاف درج ایک معاملے میں تلاشی مہم کے دوران یہ ضبطی کی گئی۔سی بی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ اینٹی کرپشن ایکٹ کے تحت وجے کمار نارائن شیوالے کے خلاف ایک کیس دائر کیا گیا تھا۔اس وقت منگلور سیز کے ترقی کمشنر کے عہدے پر تعینات شیوالے اور ان کی بیوی نے مبینہ طور پر آمدنی کے معلوم ذرائع سے زیادہ کی جائیداد رکھی تھی۔سی بی آئی کے ایک ترجمان نے آج بتایا افسرپر اپنے ساتھ ساتھ ان کی بیوی، بیٹی اور بیٹے سمیت خاندان کے ارکان کے نام پر آمدنی سے زیادہ تقریبا 5.26کروڑ روپے کی جائیداد جمع کرنے کا الزام ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ منگلور، ممبئی، مالیگاؤں اور ناسک میں سات احاطے پر کی گئی چھاپہ ماری میں برآمد کی گئی کئی دستاویزات ،حاصل کی گئی جائداد اور ممبئی میں اندھیری کے ایک نجی کمپنی کے دفتر سے 94.99لاکھ روپے کے علاوہ افسر کی رہائش گاہ سے 99.60لاکھ نقد ی برآمدکی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی کے نام پر ایک بینک لاکر سے تقریبا 300گرام سونے کے زیورات اور تقریبا 900گرام چاندی کے سکے برآمد کئے گئے ہیں۔